دوحہ، 6 ؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )بنگلور ایف سی بھلے ہی ایشیائی خطاب جیتنے والا پہلا ہندوستانی فٹ بال کلب بن کر تاریخ رقم کرنے میں ناکام رہا ہو لیکن کوچ البرٹ روکا کو لگتا ہے کہ اے ایف سی کپ کے فائنل میں پہنچنے سے ملک کے فٹ بال میں نئے دور کا آغاز ہو جائے گا۔بنگلور ایف سی کو گزشتہ رات یہاں اے ایف سی کپ کے فائنل میں عراق کے ایئر فورس کلب کے ہاتھوں 0.1سے شکست کا منہ دیکھنا پڑاتھا ۔روکا نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہاکہ ہاں، ہم آج رات کچھ چیزوں میں پچھڑ گئے۔انہوں نے کافی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن میرے لڑکوں نے دکھا دیا کہ وہ کتنے باصلاحیت ہیں اور یہ ہندوستانی فٹ بال میں نئے دور کے آغاز کا اشارہ ہو سکتا ہے۔آئی لیگ چمپئن بنگلور ایف سی ایشیا کے دوسرے ٹیر کے کلب ٹورنامنٹ اے ایف سی کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والا پہلا کلب بنا تھا لیکن انہیں ایک بہترین ٹیم سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔روکا نے کہاکہ ہم نے پہلے اتنی مضبوط ٹیم کے خلاف نہیں کھیلا تھا اور یقینی طور پر ہم نے اس میچ سے کافی چیزیں سیکھی ہیں ۔اس سے ہمیں مستقبل کی تیاریوں میں مدد ملے گی اور ہم اگلے سیشن میں مضبوط واپسی کریں گے۔ہسپانوی کوچ نے ایئر فورس کلب کے اے ایف سی کپ ٹرافی جیتنے کی تعریف کی اور اس کی کامیابی کو اس کا حقدار قرار دیا۔